بیجنگ ( نیوز ڈیسک
) جانے والے واپس نہیں آتے مگر چین میں ایک نشئی تدفین سے عین پہلے
کھانستا ہوا اٹھ بیٹھااور اپنے جنازے میں شریک لوگوں کو روتا پیٹتا دیکھ کر
خود بھی رونے لگا۔مشرقی چین کے صوبے میں پیش آنے والے اس واقعے نے دنیا کو
حیران و پریشان کر دیا۔
مر کر زندہ ہونے والے نشئی 45 سالہ گولیو کے دوست پال بوکو نے بتایا کہ وہ حسب معمول ایک جگہ بیٹھے سگریٹ پی رہے تھے اور گپیں ہانک رہے تھے کہ گولیو کے ہاتھ سے سگریٹ گر گیا اور جب وہ اٹھانے لگا تو وہیں ڈھیر ہو گیا۔فوری طور پر ایمبولینس منگوا کر گولیو کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ دماغ کے فالج کے باعث موت کا شکار ہو چکا ہے۔سب نشئی اپنے دوست کو گاﺅں واپس لے آئے اور اس کی تدفین کی تیاریاں ہونے لگیں۔پال بوکو کہتے ہیں کہ دوست کی جدائی پر شدت غم سے رو رہے تھے اور اسے دفن کرنے کے لیے بڑھ رہے تھے کہ اچانک گولیو کے گلے سے سیٹی جیسی آوازیں نکلیں اور پھر وہ کھانستا ہوا اٹھ کر بیٹھ گیا ۔اور جب اس نے اپنے دوستوں اور عزیزوں کو روتے دیکھا تو خود بھی رونے لگا۔
گولیو کو دوبارہ ہسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹر بھی اسے دیکھ کر گھبرا گئے ۔اب پھر سے اس کا علاج شروع کر دیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ دماغ کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے اس کی یاداشت ، بولنے کی صلاحیت ، اور چلنے پھرنے کی صلاحیت متاثر ہوئی ہے مگر امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ مناسب علاج اور نشے سے پرہیز کے ذریعے اس کی حالت سنبھل جائے گی۔

0 comments :
Post a Comment